(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) شمالی غزہ میں صیہونی فوج کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے نتیجے میں کشیدگی پیدا ہوئی۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ شہید عزالدین القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے سماجی رابطوں کی ایپ ٹیلی گرام پر اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ گذشتہ روز محصور شہر غزہ کے شمال اور جنوب کے کئی علاقوں میں صیہونی فوج اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے درمیان عارضی جنگ بندی کے دوران ہونے والی خلاف ورزیوں کے باعث کشیدہ صورتحال پیدا ہوئی۔
ابو عبیدہ نے بتایا کہ کہ صیہونی فوج کی جانب سے شمالی غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کی "واضح خلاف ورزی” کے نتیجے میں کشیدگی پیدا ہوئی اور القسام کے ارکان نے اس خلاف ورزی سے اچھے طریقے سے نمٹا۔ انہوں نے مزید کہا کہ القسام اس وقت تک جنگ بندی کے لیے پرعزم ہے جب تک کہ اسرائیل اس پرقائم ہے۔
انھوں نے ثالث ممالک سے تل ابیب پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا تا کہ وہ اسرائیل کو زمین اور فضا میں جنگ بندی کی تمام شرائط پر عمل کیا جاسکے‘‘۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل منگل کو اسرائیلی فورسز نے غزہ شہر کے مغرب میں اور غزہ کی پٹی کے شمال میں الشاطی کیمپ اور الشیخ رضوان کے پڑوس میں آگ اور دھوئیں کے بم برسائے تھے۔ دریں اثنا غزہ کی پٹی میں اسرائیل اور فلسطینی دھڑوں کے درمیان 4 دن کے لیے عارضی جنگ بندی میں توسیع کی گئی جس کے نتیجے میں 68 اسرائیلی قیدیوں کے ساتھ ساتھ دیگر قومیتوں کے کارکنوں کو رہا کیا گیا۔ بدلے میں 150 فلسطینی خواتین اور بچوں کی رہائی عمل میں لائی گئی۔