فلسطین کی منظم مذہبی ، سیاسی اور عسکری تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے اسرائیل کے اس بیان کو مسترد کردیا ہے کہ جماعت کا عسکری ونگ”القسام بریگیڈ” سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کے کنٹرول میں نہیں ہے۔
فلسطین کے مطابق حماس کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر صلاح الدین بردویل کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت اپنی داخلی کمزوریوں سے توجہ ہٹانے کے لیے حماس کی قیادت میں اختلافات کے شوشے چھوڑ رہی ہے۔ یہ بات اسرائیل کی خام خیالی ہے کہ تنظیم کا ملٹری ونگ سیاسی شعبے کے کنٹرول سے باہر ہے۔
حماس رہ نما نے کہا کہ اسرائیل اپنے تئیں یہ باور کرانے کی کوشش کررہا ہے کہ اسے حماس کے اندر موجود اختلافات کا علم ہے لیکن میں ذرائع ابلاغ کو خبردار کرتا ہوں کہ اسرائیل صرف اپنی کمزوریاں چھپانے اور صہیونی رائے عامہ کو اپنے حق میں کرنے کے لیے اس طرح کے بیانات جاری کررہا ہے۔ جن میں کوئی صداقت نہیں۔ حماس اور اس کے زیرانتظام تمام ادارے اورتنظیمیں خالد مشعل کو اپنا لیڈر سمجھتی ہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی اخبار”ہارٹز” نے صہیونی حکام کے حوالے سے بتایا تھا کہ غزہ کی پٹی میں حماس کا ملٹری ونگ جماعت کےسیاسی شعبے کے کنٹرول سے باہر ہے اور القسام بریگیڈ اپنے طورپر فنڈز جمع کرکے اپنی طاقت کو مضبوط کر رہا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

