فلسطینی شہرغزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے اسرائیل کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے دوسرے مرحلے کی ڈیلنگ میں کامیاب ثالثی کرنے پر مصر کا شکریہ ادا کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے مصر کے نگراں وزیراعظم ڈاکٹرکمال الجنزوری سے ٹیلیفون پربات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ مصری حکومت نے فلسطینیوں کے درمیان مفاہمت کے لیے ثالثی کی مثبت کوششوں کے علاوہ اسرائیل کے ساتھ اسیران کے تبادلے کی ایک کامیاب ڈیل کرائی ہے۔ اس پرپوری فلسطینی قوم مصری حکومت کی مشکور ہے۔
دوسری جانب مصری نگراں وزیراعظم ڈاکٹر جنزوری نے یقین دلایا ان کا ملک فلسطینیوں کےدرمیان مفاہمت اور ان کے مفادات کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ مصرغزہ کی معاشی ناکہ بندی کے خاتمے اور شہر میں معیار زندگی بہتر کرنے کے لیے ہرممکن قدام اٹھائے گا۔