(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صہیونی آرمی چیف اور بحرینی ہم منصب ذیاب النعیمی کے درمیان آپریشنل تعاون پر بھی بات چیت ہوئی اوردونوں ملکوں کی فوجی صلاحیتوں کی ترقی کیلیے مشترکہ مشقوں کی ضرورت پرزوردیا گیا۔
اسرائیل کے عبرانی نشریاتی ادارے کان کے مطابق صہیونی ریاست کی فوج کے چیف آف اسٹاف اویوکوچاوی اپنے سرکاری دورے پر بحرین پہنچ گئے ہیں جہا ں انہوں نے اپنے بحرینی ہم منصب ذیاب النعیمی سے ملاقات کی اوربحرین میں ایک صہیونی فوجی افسرکی ذمہ داریاں سنبھالنے سے متعلق بات چیت کی۔
ملاقات میں صہیونی آرمی چیف اور بحرینی ہم منصب ذیاب النعیمی کے درمیان آپریشنل تعاون پر بھی بات چیت ہوئی جس میں دونوں ملکوں کی فوجی صلاحیتوں کی ترقی کیلیے افواج کی مشترکہ مشقوں کے باقائدہ انعقاد کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
واضح رہے کہ اسرائیل بحرین میں اپنے ایک افسر کو فوجی اتاشی کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے مقرر کرے گاجس کے لیے صہیونی آرمی چیف نے بحرینی رائل گارڈ کے کمانڈر اور قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقات کی جبکہ آئندہ دنوں میں وہ بحرینی فوج کے دیگر اہلکاروں سے بھی ملاقات کریں گے۔