(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صہیونی فوج نے رات کے اندھیرے میں فلسطینی قصبے کی دکانوں کو بغیر کسی وجہ کے بھاری بلڈوزروں کی مدد سے منہدم کر دیا جبکہ دکانوں کے سامان کو بھی تباہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ شب مقبوضہ فلسطین میں بیت المقدس کے شمال مشرقی قصبے حزما میں صہیونی فوج کی جانب سے رات کے وقت کارروائی کی گئی جس میں قابض فوج نے اپنے ساتھ لائے بھاری بلڈوزروں سے حزما کے داخلی دروازے پر چھوٹی سی مارکیٹ کی شکل میں قائم فلسطینی دکانیں مسمار کر دیں۔
قابض فوج کے اس غیر اعلانیہ حملے کے نتیجے میں درجنوں دکانوں کی تباہی کے باعث دکانوں کے مالکان اوران میں کام کرنے والے فلسطینیوں کے روز گار ختم ہوگئے جبکہ دکانوں میں موجود اشیاء بھی بر باد ہوگئ ہیں۔