(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی قابض فوج نے 2ہفتوں کے مختصر عرصے میں گھر گھر چھاپوں کی مہم کے دوران فلسطینی شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بڑے پیمانے پر نوجوانوں کو حراست میں لے کرنامعلوم تفتیشی مراکز منتقل کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کےمطابق اسرائیل کی قابض حکومت کے جاری کردہ احکامات کے مطابق رواں ماہ کی ابتدا سے اب تک اسرائیلی فوج نے 100 سے زائد بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس سےشہریوں کوحراست میں لیا اور انہیں نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا۔
رپورٹ میں بتایا ہے کہ گذشتہ ماہ بھی صہیونی فوج کی پر تشدد کارروائیوں کے نتیجے میں 300کے قریب فلسطینی شہریوں کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں تاہم حالیہ ہفتوں میں زیادہ تر گرفتاریاں شمالی مغربی کنارے، خاص طور پر جنین اور نابلس کے علاقوں سے فلسطینی باشندوں کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں قابض فوج اوراسرائیلی خفیہ یونٹوں کے چھاپوں کے بعد مقبوضہ مغربی کنارے کے کئی علاقوں میں فلسطینیوں اور قابض فوج کے درمیان مسلح جھڑپیں جاری ہیں اور صرف 2روز میں 6 افراد شہید کیے جاچکے ہیں جبکہ 12 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔