فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ اپنے دورہ ترکی کے دوران استنبول کے میئر علی حسن سےملاقات کی۔ ملاقات کے موقع پر انہوں نے غزہ کی معاشی ناکہ بندی کے حوالے سے پیش آنے والی مشکلات سے انہیں آگاہ کیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق استنبول کے میئر نے فلسطینی مہمان کو یقین دلایا کہ وہ محصور اور جنگ سے تباہ حال فلسطینی شہر غزہ کی پٹی کی تعمیر و ترقی کی اسی طرح اہمیت دیتے ہیں جس طرح استنبول کو دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی جانب سے مسلط معاشی ناکہ بندی نہایت قابل مذمت اقدام ہے۔ ہم غزہ کو محاصرے میں نہیں دیکھ سکتے، اسرائیل نے غزہ شہر کے بارے میں جو ظالمانہ سلوک روا رکھا ہوا ہےاس نے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ علی حسن نے عالم اسلام اور عالمی برادری سے اپیل کہ وہ غزہ کے مکینوں کی مشکلات کم کرنے کےلیے اپنی اخلاقی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مزید تیزی دکھائیں۔ غزہ کی معاشی ناکہ بندی کا کوئی جوازنہیں۔ دنیا اسرائیل کو فلسطینیوں پر مظالم ڈھانے سے باز رکھے۔
قبل ازیں فلسطینی حکومت کے ترجمان طاہرنونو کا کہنا تھا کہ وزیراعظم جمعرات کو تیونس کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ جہاں وہ تیونس میں قائم ہونے والی نئی اسلامی حکومت اور حکمراں جماعت النہضہ کی قیادت سے ملاقات کریں گے۔