فلسطین کے کل جماعتی اجلاس میں تنظیم آزادی فلسطین”پی ایل او” کی نئی باڈی کی تشکیل کے لیے ممتاز فلسطینی رہ نماء اور فلسطین نیشنل کونسل کے چیئرمین سلیم الزعنون کی سربراہی میں ایک کمیٹی کے قیام پراتفاق کرلیا گیا ہے۔
کمیٹی کا پہلا اجلاس 15 جنوری 2012ء کو اردن کے دارالحکومت عمان میں ہوگا تاہم تنظیم کی نئی قیادت کا انتخاب فروری میں عمل میں لائے جانے کا امکان ہے۔
فلسطین کی ایک بڑی جماعت اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے ترجمان فوزی برھوم نے مرکزاطلاعات فلسطین سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قاہرہ میں کل جماعتی اجلاس کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کل جماعتی اجلاس نے ماضی میں ہونے والے تمام فیصلوں کو عملی شکل دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔ اس سے قبل حماس اور فتح کے درمیان قومی مفاہمت کے سلسلے میں طے پائے تمام امور پر دیگرجماعتوں کا بھی اتفاق رائے سامنے آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی دھڑے جلد ہی آزاد الیکشن کمیشن کے قیام کے لیے تیار کردہ مشترکہ فریم ورک پر دستخط کریں گے، اس کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کو پندرہ جنوری تک تنظیم آزادی فلسطین کے اراکین کے چناؤ کے نئے طریقہ کار کی تجاویز تیار کرنے کے لیے موقع دیا جائے گا۔
ایک دوسرے سوال کے جواب میں حماس کے ترجمان نے کہا کہ تنظیم آزادی فلسطین میں چار آزاد شخصیات کو شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے، اس کے علاوہ پی ایل او کی نئی باڈی کے حوالے سے دیگر جماعتوں کی جانب سے سامنے آنے والے اعتراضات کو بھی دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
فوزی برھوم نے بتایا کہ تنظیم آزادی فلسطین کے چناؤ کے لیے دو فروری 2012ء کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ فلسطین میں مشترکہ قومی حکومت کے قیام سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت سازی کا معاملہ جنوری کے آخر تک کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے، تاہم اس عرصے میں سیاسی جماعتوں کے درمیان مشاورت کاعمل جاری رہے گا۔