فلسطین میں ایک نئی مہم شروع کی گئی ہے جس میں حکومت برطانیہ سے پرزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سنہ 2017 ء میں اعلان بالفور کے 100 سال مکمل ہونے ہر فلسطینی قوم سے معافی مانگے۔
رپورٹ کے مطابق اعلان بالفور پر برطانیہ سے معافی کے مطالبے پرمبنی مہم امریکی فرینڈز کمیٹی اور فلسطینی حق واپسی کی جانب سے شروع کی گئی ہے۔ مہم کا آغاز 29 نومبر بروز اتوار غزہ کی پٹی سے کیا گیا ہے۔ اگلے مرحلے میں اسے پوری فلسطینی اور اس کے بعد دنیا بھر میں پھیلایا جائے گا۔ مہم کو زیادہ موثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے اسے شوشل میڈیا کے ساتھ ساتھ پرنٹ اور الیکٹرانک ذرائع ابلاغ سے بھی مربوط بنایا جائے گا۔مہم کے تحت فلسطین اور دوسرے ملکوں میں سیمینار، کانفرنسیں اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی جن میں حکومت برطانیہ سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ ارض فلسطین میں یہودیوں کے قومی وطن کا اعلان کرنے کی اپنی تاریخی غلطی پر معافی مانگے اور فلسطینیوں کو ان کے حقوق دلانے میں ان کی مدد کرے۔