فلسطین کے مختلف شہروں میں اسرائیلی جیلوں میں گذشتہ پندرہ ایام سے بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جلسے جلوس اور ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
پیر کے روز غزہ کی پٹی کےوسط میں اسلامی تحریک مزاحمت”حماس” کی اپیل پر "نصرت اسیران” ریلی نکالی گئی جس میں ہزارں افراد نے شرکت کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین(پی آئی سی) کے نامہ نگاروں کے مراسلوں کے مطابق غزہ کے مختلف علاقوں سے حماس کی اپیل پرجلوس نکالے گئے، مرکزی جلوس جامع مسجد الکبیر سے نکلا اور دیگرعلاقوں سے آنے والے جلوس بھی اس میں شامل ہوتے گئے۔ یہ جلوس بھوک ہڑتالی اسیر اور حماس رہ نما شیخ حسن سلامہ کے گھرکے باہر ختم ہوا۔
عینی شاہدین کے مطابق مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پراسیروں کی رہائی کے لیے اسرائیلی فوجیوں کو گرفتار کرنے کے نعرے درج تھے۔ شہری سخت مشتعل تھے اور انہوں نے صہیونی جیلوں میں پابند سلاسل بھوک ہڑتالی اسیران کے حق اور قابض ریاست کےخلاف بھی شدید نعرے بازی کی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حماس اور دیگر سیاسی وعسکری جماعتوں کے رہ نماؤں نے اسرائیلی جیلوں میں زیرحراست اپنے بھوک ہڑتالی اسیربھائیوں کی رہائی کے لیے ہر ممکن اقدامات کا اعلان کیا اور کہا کہ جب تک ایک فلسطینی شہری بھی اسرائیل کی جیلوں میں قید ہے وہ چین سےنہیں بیٹھیں گے۔
احتجاجی ریلی میں فلسطینی حکومت میں شامل وزراء، اراکین پارلیمنٹ اور دیگر اعلیٰ شخصیات بھی موجود تھیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

