(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) امریکہ میں ہزاروں مظاہرین وائٹ ہاؤس کی جالیوں تک پہنچ گئےامریکہ صدر سے غزہ پر اسرائیلی جارحیت رکوانے کا مطالبہ ۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ پر وحشیانہ بمباری کو آج 100 روز مکمل ہونے پر امریکہ ،برطانیہ ،فرانس ، اٹلی ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ ، پاکستان ،یمن ، عراق سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔
مظاہرین نے غزہ میں امریکی اور برطانوی سرپرستی میں ہونےوالی نسل کشی کے خلف نعرے بازی کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
اسرائیلی جارحیت کے خلاف واشنگٹن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور مظاہرین وائٹ ہاؤس کی جالیوں تک پہنچ گئے، مظاہرین نے امریکی صدر جو بائیڈن سے غزہ میں نسل کشی رکوانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ دوسری جانب لندن میں بھی ہزاروں افرادنے ریلی نکالی، فلسطینی پرچم تھامے لوگوں نے فلسطین آزاد کروکے نعرے لگائے۔سوئیڈن میں نکالی گئی احتجاجی ریلی کے شرکا کی جانب سے بھی غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔
کراچی میں جماعت اسلامی نے شارع فیصل پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے غزہ ملین مارچ منعقد کیا جس میں خواتین اور بچوں سمیت شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ مارچ سے ٹیلی فونک خطاب میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نےکہا کہ امریکا، برطانیہ اور یورپ کی سرپرستی اور عالم اسلام کے حکمرانوں کی بزدلی کی وجہ سے اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے۔
اس کے علاوہ تھائی لینڈ میں امریکی سفارتخانے کےباہر مظاہرہ کیا گیا، جنوبی افریقا میں بھی سیکڑوں افراد نے اقوام متحدہ دفتر کے سامنےاحتجاجی ریلی نکالی۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں اسرائیلی حملوں سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 23 ہزار 910 سے متجاوز ہو چکی ہے جبکہ 59 ہزار 410 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ صیہونی افواج کی بمباری سے شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے۔