(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غزہ میں غاصب فوج کی طرف سے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولنے اور فلسطینی نمازیوں پر حملے کے ردعمل میں غزہ کے سینکڑوں فلسطینیوں نے بڑے پیمانے پر مظاہروں میں شرکت کی اور صہیونی ریاست کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اپنے نا ٹوٹنے والے عزم کا اظہار کیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق صہیونی ریاست کی جانب سے گذشتہ سولہ سالوں سے غیر قانونی معاشی ناکہ بندی کا شکار محصور شہر غزہ میں ہزاروں شہریوں نے صہیونی فوج کی جانب سے مسجد اقصیٰ پر حملے اور خواتین سمیت نمازیوں پر وحشیانہ تشدد کے خلاف احتجاجی مارچ کیا۔
مظاہرین نے صہیونی ریاست کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مقبوضہ بیت المقدس کے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا، شرکاء کا کہنا تھا کہ صہیونی فورسز کے مظالم ہمارے حوصلوں کو کسی صورت بھی پست نہیں کرسکتے۔