(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مسلم ممالک کے ساتھ فرانس، سوئیڈن ، ڈنمارک اور برطانیہ سمیت یورپ کے متعدد ممالک میں غیر قانونی صیہونی ریاست کے فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم پر احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔
غیر ملکی خبررساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ 9 ماہ سے مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ پر غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جاری وحشیانہ بمباری اور اس کے نیتجے میں 15 ہزار بچوں اور 11 ہزار سے زائد خواتین سمیت تقریبا 40 ہزا رفلسطینیوں کی شہادت کے خلاف صیہونی ریاست اسرائیل کے دار الحکومت تل ابیب سمیت دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں فلسطینی پرچم اٹھائے مظاہرین نے صیہونی ریاست کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔ سوئیڈن میں بھی فلسطین کی حمایت میں ریلی نکالی گئی جس میں شرکا نے فلسطین کی حمایت میں نعرے لگائے اور پلے کارڑز اٹھائے جبکہ مظاہرین نے غزہ میں اسرائیلی بربریت کو روکنے کا مطالبہ کیا ، لندن میں بھی ساحل سمندر پر فلسطینی پرچم تھامے بڑی تعداد میں لوگوں نے غزہ میں اب تک شہید ہونے والوں کو یاد کیا۔
مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں بھی سینکڑوں افراد نے اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔دوسری جانب تل ابیب میں اسرائیلی حکومت کے خلاف سینکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے، نیتن یاہو سے مستعفیٰ ہونے اور یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ کرنے کا مطالبہ کیا۔