(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غاصب صیہونی ریاست مقبوضہ فلسطین پر قبضے کو جاری رکھنے کیلئے سنگین جنگی جرائم کو جاری رکھے ہوئے ہے ،غزہ میں وحشیانہ بمباری جاری ہے جبکہ مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
فلسطینی محکمہ امور اسیران اور "فلسطینی قیدیوں کے کلب” کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں بتایاگیا ہے کہ گذشتہ روز غاصب اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے سے کم از کم 30 فلسطینی شہریوں کو گرفتار کیا، جن میں سابق قیدیوں کے علاوہ شہید احمد ہلال غیدان کی والدہ صحافیہ اسماء ھریش بھی شامل ہیں۔
"گرفتاری کی کارروائیاں یروشلم اور رام اللہ کی گورنری میں مرکوز کی گئیں، جبکہ باقی گرفتاریاں الخلیل، بیت لحم، طوباس اور جنین سے کی گئیں۔
بیان میں اشارہ کیا گیا ہے کہ قابض فوج غرب اردن کی گورنریوں ، کیمپوں اور قصبوں میں وسیع پیمانے پر دراندازی اور تباہی کی کارروائیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے، جس میں شہریوں کے گھروں میں توڑ پھوڑ کے ساتھ ساتھ قیدیوں اور ان کے اہل خانہ کے خلاف شدید مار پیٹ کی گئی ہے۔”انہوں نے تصدیق کی کہ "گزشتہ اکتوبر کی سات تاریخ کے بعد اسرائیلی فوج نے 7,990 سے زیادہ فلسطینیوں کو گرفتارکیا ہے۔