(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )ریزرو میجر جنرل اور تل ابیب کی ریچمین یونیورسٹی میں انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ برائے انسداد دہشت گردی (ICT) کے سربراہ Yitzhak Brik نے بھی غاصب صیہونی ریاست کی فوج کے سربراہ جنرل ہرزی ہیلیوی پر سیکیورٹی کی ناکامی پر سخت تنقید کرتےہوئے کہا ہے کہ ہرزی ہیلیوی اسرائیل کی تاریخ کی بدترین ناکامی کے ذمہ دار ہیں۔
عاریف اخبار میں لکھے گئے اپنے ایک مضمون میں انھوں نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کو سیکیورٹی کیلئے جن عوامل کی ضرورت تھی چیف آف اسٹاف نے ان تمام عوامل کو یکسر نظر انداز کیا۔
انھوں نے لکھا ہے کہ اسرائیلی آرمی کے سربراہ کافی عرصہ پہلے سرزمین پر اپنا کنٹرول کھو بیٹھے تھے لیکن اس کا اندازہ اس وقت ہوا جب سات اکتوبر کو فلسطینی مزاحمت کاروں نے اسرائیل کی تاریخ کی سب سے بڑی ناکامی کا پردہ چاک کیا، ان تمام صورتحال کے باوجود وہ آج اپنی شبیہ درست کرنے کیلئے فوج میں کرنل اور لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے کے افسروں کو تعینات کرنا شروع کررہے ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ ہرزی ہیلیوی کی سربراہی میں یہ "فوج اسرائیل کے قیام کے بعد سے سب سے خطرناک اسکینڈل اور سب سے خطرناک ناکامی” کا سمانا کررہی ہے لیکن چیف آف اسٹاف ذمہ داری لینے اور استعفیٰ دینے کے بجائے، افراتفری اور ناکامی کی نسل کو نئے عہدے دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔
"انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو، وزیر دفاع یوو گیلنٹ اور چیف آف سٹاف اسرائیل کو ایک ایسی تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں جہاں سے واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے۔”