(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غاصب صیہونی فوج کی دہشت گردی میں غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں ایک فلسطینی شہید دو زخمی جبکہ زہریلی گیس سے 170 سے زائد دم گھٹنے اور سانس کی تکلیف کا شکار ہوگئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد سیکیورٹی فوسز نے آج صبح غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں چھاپہ مارکارروائی کا آغاز کیا جہاں مزاحمت کرنے پر فلسطینیوں پر براہ راست فائرنگ اور آنسو گیس کے شیل فائر کئے جس کے نتیجے میں العین کیمپ سے تعلق رکھنے والے نوجوان خلیل یحییٰ العنیس شہید ہوئے، خلیل کو سینے اور جسم کے نچلے حصے میں گولیاں ماری گئیں، دو مزید نوجوان بھی زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
غاصب فورسز نے آنسو گیس کی بھرپور شیلنگ کی جس کے باعث مکینوں کو سانس لینے میں تکلیف ہوئی ، نابلس میں ہلال احمر ایمبولینس سنٹر کے ڈائریکٹر احمد جبریل نے بتایا کہ کم سے کم 170 افرا د کو سانس میں تکلیف اوردم گھٹنے کے باعث اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے۔