(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) نابلس کے مضافات میں اسرائیلی فوجی چوکی پر تیز رفتار کار سے بم پھینکا گیا تاہم بم دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ گذشتہ روز اتوار کی شام فلسطینی مزاحمت کاروں نے شمالی مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس کے مضافات میں ایک فوجی چوکی پر ایک کار سے بم پھینکا۔
یہ بھی پڑھیے
فلسطینی مجاہدین کے حملے، 24 گھنٹوں میں پانچ صہیونی فوجی زخمی
قابض فوج کے ترجمان نے بتایا کہ فوجی چوکی پر حملے کے بعد کار سوار فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تاہم گاڑی برآمد کرلی گئی ہے جس میں سے مزید دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے ، گاڑی کے مالک کی تلاش جاری ہے ۔
دوسری جانب فوجی ترجمان نے یہ بھی بتایا ہے کہ بورین قصبے کے مضافات میں مشتبہ افراد کی تلاش کے دوران اسرائیلی فوج پر فائرنگ بھی کی گئی تاہم کسی اسرائیلی فوجی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ، فوج نے یہ بھی وضاحت کی ہے کہ دونوں واقعات میں کسی جانی نقصان نہیں ہوا ۔