(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) عالمی وباکورونا وائرس کے باعث دوسال کے تعطل کے بعد مصری حکام کے تعاون سے عمرہ زائرین کا پہلا قافلہ غزہ سے سعودی عرب کے لئے روانہ ہوگیا۔
گذشتہ 15 سالوں سے غیر قانونی صہیونی ریاست کے محاصرے کا شکار مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ سے عمرہ زائرین کا پہلا قافلہ مصری حکام کے تعاون سے عالمی وبا ءکورونا وائرس کے باعث دو سال تک تعطل کا شکار رہنے کے بعد گذشتہ روز رفح گزرگاہ سے حجاز مقدس کے لئے روانہ ہوگیا ہے۔
حماس کے زیر انتظام وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایاگیا ہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے سنہ 2020 میں غزہ سے حج اور عمرہ کی ادائیگیوں کو روک دیا گیا تھا تاہم وبا ءمیں کمی آنے کے بعد حج اورعمرہ کی زیارت کے آپریشن کودو سال بعد دوبارہ بحال کردیا گیا ہے۔
غزہ میں حج اور عمرہ کمپنیوں کی انجمن کے چیئرمین عواد ابو مدکور نے بتایا کہ 298 عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ گذشتہ روز روانہ ہوا ہے جوقاہرہ کے ہوائی اڈے سے سعودی عرب روانہ ہوگا۔