بیت المقدس(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)قابض صہیونی فوج نے مسجد اقصیٰ نماز تراویح اور اعتکاف کرنے والے فلسطینیوں کے خلاف کریک ڈائون اور انہیں مسجد سے بے دخل کرنے کا سلسلہ معمول بنا لیا ہے۔
گذشتہ شب بھی اسرائیلی فوج کی بھاری نفری مسجد اقصیٰ میں داخل ہوگئی۔ اس وقت سیکڑوں فلسطینی مسجد میں نماز جمعہ ادا کر رہے تھے۔ صہیونی فوج نے ایک بار پھر فلسطینی نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ یہ رواں ماہ صیام کا تیسرا موقع ہے جب قابض صہیونی فوج نے فلسطینی نمازیوں کو مسجد سے بے دخل کر دیا اور انہوں نے رات سڑک پر بسر کی۔
اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر نمازیوں، روزہ داروں اور معتکفین کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 12 فلسطینی نمازی زخمی ہو گئے۔ قابض فوج نے مسجد میں اعتکاف کرنے والے درجنوں فلسطینیوں اور سیکڑوں دیگر نمازیوں کو گھسیٹ کر مسجد سے باہر نکال دیا۔
مسجد سے باہر نکالے گئے فلسطینیوں نے پرانے بیت المقدس میں حارۃ السعدیہ کے مقام پر الحمراء مینار کے پاس رات بسر کی۔ اسرائیلی فوج نے رات گئے مسجد اقصیٰ میں گھس کر سیکڑوں فلسطینی نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنا کر انہیں مسجد سے نکال دیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے فلسطینی نمازیوں پر اس وقت تشدد کیا جب نمازی مسجد میں تراویح اور عشاء کی نماز ادا کر رہے تھے۔