(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی سماجی کارکن فادیہ البرغوتی نے کہا کہ قابض ریاست میں مسجد اقصیٰ پر جارحیت اور مسلسل حملوں کے تسلسل میں ہر شخص کو مستقل اور بار بار متحرک ہونے کی ضرورت ہےتاکہ ہم اپنے اسلامی تشخص کو برقرار رکھ سکیں اور دشمن اپنی سازشوں میں ناکام ہو۔
تفصیلات کے مطابق قابض صہیونی ریاست اسرائیل میں واقع قبلہ اول کے اسلامی و عرب تشخص کو لاحق خطرات کے پیش نظر فلسطینی قومی اورمذہبی رہنما جماعتوں کی جانب سے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آج جمعہ کے اجتماع میں مسجد اقصیٰ میں بھرپور شرکت کریں اور صہیونی دشمن کے سامنے فلسطینی مسلمان قبلہ اول میں جمع غفیر کی شکل میں جمع ہو کر مسجد اقصیٰ کے اسلامی اور عرب تشخص کو مٹانے کی کوشش کرنے والوں پر اس کی اہمیت کو واضح کردیں۔
فلسطینی سماجی کارکن فادیہ البرغوتی نےالاقصیٰ کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جمعہ کو مسجد اقصیٰ میں اجتماع القدس پر فلسطینیوں کی خودمختاری کا اعلان ہے، اور اس کی پاسداری اور دفاع کا حلف ہے، انہوں نے القدس کے باشندوں، غرب اردن کے فلسطینیوں اور اندرون فلسطین سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ پختہ یقین اور عزم کے ساتھ قبلہ اول میں جمع ہو کر یہ ثابت کریں کہ فلسطینی قبلہ اول کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ قابض ریاست میں مسجد اقصیٰ پر جارحیت اور مسلسل حملوں کے تسلسل میں ہر شخص کو مستقل اور بار بار متحرک ہونے کی ضرورت ہےتاکہ ہم اپنے اسلامی تشخص کو برقرار رکھ سکیں اور دشمن اپنی سازشوں میں ناکام ہو۔