(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )دو فلسطینی دھڑوں کے درمیان ہونے والے تصادم میں گھات لگا کر کیے گئے حملے میں فتح کا ایک کمانڈر ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے متعدد ساتھی زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق لبنان کے جنوب میں واقع ساحلی شہر صیدا کے قریب واقع عین الحلوہ پناہ گزین کیمپ میں فلسطینی صدر محمود عباس کے دھڑے فتح کے کارکنوں کی شدت پسندوں کی حمایت کرنے والے حریف گروہوں کے خلاف دو روز سے جاری جھڑپوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد گیارہ ہوگئی جب کہ چالیس سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
اتوار کے روز گھات لگا کر کیے گئے حملے میں فتح کا ایک کمانڈر ہلاک ہو ا جبکہ اس کے متعدد ساتھی زخمی ہوئےجس میں سے چار مزید بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ہیں ۔
واضح رہے کہ لبنان میں قائم 12 فلسطینی پناہ گزین کیمپوں میں قریباً چار لاکھ فلسطیینی رہائش پزیر ہیں جو غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل اور اس کے عرب ہمسایہ ممالک کے درمیان 1948 کی جنگ کے بعد بے گھر ہونے والوں کی آل اولاد ہیں۔ یہ مہاجر کیمپ بنیادی طور پر لبنانی سکیورٹی سروسز کے دائرہ اختیار سے باہر واقع ہیں۔
عین الحلوہ پناہ گزین کیمپ میں جھڑپوں کا آغاز گذشتہ روز سخت گیر انتہا پسندوں سے ہمدردی رکھنے والے ایک گروپ کے رہنما پر قاتلانہ حملے سے ہوا تھا جس میں ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا، اس کے بعد فتح کے ہیڈکوارٹر پر مسلح عسکریت پسندوں نے دھاوا بولا تھا اور فائرنگ کی جس کے بعد دونوں دھڑوں کے درمیان مسلح جھڑپیں شروع ہوئیں ۔