(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) لاطینی امریکی ممالک نے صیہونی آبادکاری کے اعلان کو مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
لاطینی امریکی ممالک جن میں برازیل، ارجنٹینا، چلی اور میکسیکو شامل ہیں نے گذشتہ روز مشترکہ بیان میں مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی صیہونی آباد کاری کو مزید وسعت دینے کے اسرائیلی اعلان کی مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں صیہونی ریاست کے اس اعلان کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا گیا ہے جس میں اسرائیل نے نو موجودہ آبادیوں اور فوجی چوکیوں کو مستقل کرنے اور اور 10,000 نئی بستیوں کی تعمیر کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کا اعلان کیا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل فرانس، جرمنی، اٹلی، برطانیہ اور امریکہ کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ بیان میں مقبوضہ مغربی کنارے میں مزید صیہونی بستیوں کی تعمیر کے اسرائیلی اعلان کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت، آبادکاری کی سرگرمیاں غیر قانونی ہیں۔