(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) محمد بن عبدالعزیزالعتیق نے کہا کہ عالمی برادری اور بالخصوص سلامتی کونسل نہتے فلسطینیوں، ان کی اراضی اور مقدس مقامات کے خلاف جاری ان جرائم کی مکمل ذمے داری قابض اسرائیل پر عائد کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے مشیر اوراقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل وفد کے قائم مقام ناظم الامورمحمد بن عبدالعزیز العتیق نے عالمی سلامتی کونسل کے اجلاس میں تقریرکرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب مسئلہ فلسطین کے حوالے سے بنیادی مؤقف پر قائم ہےجس میں اسرائیلی قبضے کا خاتمہ ، ایک آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو اور فلسطینی پناہ گزینوں کی واپسی کے حق کی ضمانت شامل ہے۔
انہوں نے رمضان مبارک کے مہینے میں قابض اسرائیلی فوج کےمسجد اقصیٰ پر دھاوے اورفلسطینیوں پرمسجد کے دروازے بند کرنے کے ساتھ ساتھ نہتے نمازیوں پر حملے کی شدید کی اور کہا کہ صہیونی فوج کی یہ کارروائیاں امت مسلمہ کے جذبات کے خلاف منظم اور کھلی جارحیت اور بین الاقوامی قرار دادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔
محمد بن عبدالعزیز العتیق نے مزید کہا کہ عالمی برادری اور بالخصوص سلامتی کونسل نہتے فلسطینیوں ، ان کی اراضی اور مقدس مقامات کے خلاف جاری ان جرائم کی مکمل ذمے داری قابض اسرائیل پر عائد کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔