(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) کراچی میں جماعت اسلامی نے شارع فیصل پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے غزہ ملین مارچ منعقد کیا جس میں خواتین اور بچوں سمیت شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
فلسطین پر غیر قانونی قابض صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی جانب سے غزہ پر اسرائیلی دہشتگردی کے 100 دن مکمل ہونے پر دنیا بھر میں فلسطین کےسے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاج کرنے کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے جماعت اسلامی کے تحت کراچی شارع فیصل پر صیہونی بمباری، مظلوم و نہتے فلسطینی مسلمانوں، خواتین و بچوں سمیت سیکڑوں فلسطینیوں کی شہادت کے خلاف عظیم الشان غزہ ملین مارچ منعقد کیا جس میں خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
مارچ سے ٹیلی فونک خطاب میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نےکہا کہ امریکا، برطانیہ اور یورپ کی سرپرستی اور عالم اسلام کے حکمرانوں کی بزدلی کی وجہ سے اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے۔
سراج الحق نے مارچ سے خطاب میں کہا کہ اہل کراچی نے زبردست مارچ منعقد کر کے پیغام دیا وہ جاگ رہے ہیں، جماعت اسلامی نے ایک ارب چالیس کروڑ رقم فلسطینی مسلمانوں کے فنڈ میں جمع کروائی۔
انھوں نے کہا کہ عالم اسلام کی چوہتر لاکھ افواج نے فلسطینی مسلمانوں کے لیے کچھ نہیں کیا، ہم نے ایک ایک سفارتخانے پر دستک دی، افسوس عالم اسلام کے حکمرانوں اور اقوام متحدہ نے مجرمانہ خاموشی اپنائی ہوئی ہے۔
شرکاء سے خطاب میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم فلسطین کے عوام کے ساتھ ہیں، اور ہم انتخابات میں بھی فلسطینیوں کو نہیں بھولے۔