(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ملاقات میں اس امر پر اتفاق رائے اور زور دیا گیا کہ پوری امت کی ذمہ داری ہے کہ فلسطین کی آزادی کے لیے بھرپور جدوجہد اور اہل فلسطین کے لیے عالمی سطح پر موثر آواز اُٹھائیں اور سیاسی و سفارتی سمیت ہر سطح پر ان کی حمایت اور پشتیبانی کی جائے۔
مقبوضہ فلسطین میں غیر قانونی صیہونی ریاست اسرایئل کے مظالم کے خلاف برسرپیکار جہاد اسلامی فلسطین کے مرکزی رہنما سید حسین البرکہ کی قیادت میں وفد نے کراچی میں جماعت اسلامی ادارہ نور حق کا دورہ کیا جہاد اسلامی کے وفد نے جماعت اسلامی کے نائب امراء مسلم پرویز اور راجہ عارف سلطان سے ملاقات کی۔
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے جہادِ اسلامی فلسطین کے وفد میں علماء فورم فلسطین کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد ادیب یاسر جی، global campaign to return to palestine (گلوبل کمپین ٹو ریٹرن ٹو فلسطین) کے سیکریٹری جنرل شیخ یوسف عباس کے علاوہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابومریم بھی شریک تھے۔
جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے اسرائیل کے غاصبانہ قبضے سے قبلہ اوّل بیت المقدس و فلسطین کی آزادی اور اہل فلسطین کی اپنی سرزمین پر واپسی کی جدو جہد میں مصروف عمل رہنماؤں کی ادارہ نور حق آمد پر ان کا خیر مقدم کیا اور ان سے بھر پور اظہار یکجہتی کیا۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کی جانب سے مہمانان گرامی کو قرآن کریم کا نسخہ بطور تحفہ پیش کیا جبکہ وفد نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو فلسطین کا جھنڈا اور اس سے جڑی چابی پر مشتمل آزادی کا نشان پیش کیا۔
ملاقات میں اس امر پر اتفاق رائے اور زور دیا گیا کہ پوری امت کی ذمہ داری ہے کہ فلسطین کی آزادی کے لیے بھرپور جدوجہد اور اہل فلسطین کے لیے عالمی سطح پر موثر آواز اُٹھائیں اور سیاسی و سفارتی سمیت ہر سطح پر ان کی حمایت اور پشتیبانی کی جائے۔
سید حسین البرکہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی جدوجہد پوری امت کے لئے ایک مثالی نمونہ ہے، اہل فلسطین تمام تر ریاستی جبروتشدد اور ہر طرح کے مشکل و کٹھن حالات کے باوجود اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں، یہ صدی فلسطین کی آزادی اور عالم اسلام کی کامیابی و کامرانی کی صدی ثابت ہوگی، امت مسلمہ کی کامیابی و سرفرازی کا راستہ آزادی فلسطین سے ہی ہوکر جاتا ہے، فلسطین کا مسئلہ کسی خاص خطے یا قوم کا نہیں پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔