(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مظاہرین نے اسرائیلی قبضے کے خلاف فلسطینی کارروائیوں کو جاری رکھنے پر بھی زور دیااور ان کا نعرہ تھا کہ "روح اور خون کے ساتھ، ہم مسجد اقصیٰ کے لیے قربانی دیں گے،”
عالمی خبر رساں ادارے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اردن کے دارالحکومت عمان میں ہزاروں مظاہرین کی شرکت سے فلسطینی عوام کی حمایت میں ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت اردن میں اسلامک ایکشن فرنٹ کے سیکرٹری جنرل مراد عدلیہ اور سابق اسلامی رکن پارلیمنٹ علی ابوالشکر نے کی۔
فلسطینی عوام کی حمایت میں اردنی باشندے وسطی عمان میں واقع عظیم الشان الحسینی مسجد کے سامنے جمع ہوئےاور انہوں نے اسرائیل کی ماہ صیام میں ایک بار پھر بڑھتی جارحیت کے نتیجے میں القدس میں کشیدہ ہوتے ہوئے حالات کے خلاف مذمتی نعرے لگائے جبکہ اسرائیل’ کے ساتھ عربوں کی نارملائزیشن کو مسترد کر تے ہوئے فلسطینیوں کے حقو ق کی آواز بلند کی۔
اسلامک ایکشن فرنٹ کے سیکرٹری جنرل مراد عدلیہ نے کہاکہ "یہ مارچ اسرائیل اور عرب ممالک کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کو مسترد کرنے کا اعلان ہے۔”اور اسرائیل کو ایک غیر قانونی ریاست قرار دیا جسے عرب عوام کبھی قبول نہیں کریں گے۔
ریلی کے شرکاء نے اسرائیلی قبضے کے خلاف فلسطینی کارروائیوں کو جاری رکھنے پر بھی زور دیااور ان کا نعرہ تھا کہ "روح اور خون کے ساتھ، ہم مسجد اقصیٰ کے لیے قربانی دیں گے،”
مظاہرین نے 1994 میں اردن اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کو مسترد کرتے ہوئے عمان سے اسرائیلی سفیر کو ملک بدر کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔