(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج کی جانب سے سنگین دھمکیوں اور بڑے بڑے دعوؤں کے باجود حماس کے سینئر رہنما اور اسرائیل کو انتہائی مطلوب یحییٰ السنوار نے اسرائیلی یرغمالیوں سے ملاقات کی اور انھیں تحفظ کا یقین دلایا۔
اسرائیلی براڈ کاسٹ اتھارٹی نے اسرائیلی یرغمالی خاتون کے حوالے سے بتایا کہ خاتون کا کہنا ہے کہ اسیری کے ابتدائی دنوں میں وہ دوسرے چند اسرائیلی قیدیوں کے ہمراہ ایک غار میں تھی کہ اس دوران غزہ میں حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار نے تمام یرغمالیوں سے ملاقات کی اور عبرانی زبان میں ان سے گفتگو کرتےہوئے یقین دلایا کہ وہ انتہائی محفوظ ہیں جہاں ان کو رکھا گیا ہے وہاں ان کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچ سکتا۔
واضح رہے کہ حماس کے رہنما یحییٰ السنوار غزہ میں اسرائیل کو مطلوب افراد کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ سات اکتوبر کو اسرائیل پر ہونے والے سنگین حملے کی تمام ترمنصوبہ بندی یحیٰ السنوار نے ہی کی تھی، عبرانی چینل 13 کے مطابق سکیورٹی سے متعلق خفیہ رپورٹس میں اس امر کے واضح اشارے موجود ہیں کہ یحییٰ السنوار یرغمالیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی خاطر خود کو ان کے قریب رکھتے تھے۔