(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) تین ماہ سے زائد عرصے سے جاری اسرائیلی دہشتگردی میں صیہونی فورسز نے اسکول کالج ، عبادت گاہوں سمیت اسپتالوں اور عالمی اداروں کی قائم کردہ پناہ گاہوں پر بھی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
مقبوضۃ فلسطین کے محصور شہر غزہ میں فلسطینی ہلال احمر کے ڈائریکٹر مدثر منیر الشوبکی نے گذشتہ روز جاری کردہ اپنے بیان میں بتایا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف منظم نسل کشی کے منصوبے پر عمل کررہا ہے، اسرائیل فلسطینیوں کو ختم کرنے کیلئے ہر اقدام کررہا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ سات اکتوبر سے جاری اسرائیلی دہشتگردی میں اسرائیل نے جہاں فلسطینیوں کو بلا امتیاز اپنی بربریت کا نشانہ بنایا ہے وہیں اس نے اسپتالوں ، اسکولوں کالجوں سمیت عبادت گاہوں کو بھی نہیں چھوڑا ، انھوں نے بتایا کہ اسرائیل نے تین ماہ سے زائد عرصے میں دانستہ طورپر 100 سے زائد ایمبولینسز کو نشانہ بناکر تباہ کردیا اور اب غزہ میں 22 لاکھ سے زائد افراد کیلئے صرف 12 ایمبولینسز قابل استعما ل ہیں۔
مدثر منیر الشوبکی نے کہا کہ غزہ میں اس وقت 60 ہزار سے زائد زخمی موجود ہیں ،20 ہزار سے زائد لاپتہ ہیں اور روزانہ زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ایسی صورتحال میں ایمبولینسز کا نا ہوا اموات میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔