(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ کی وزارت صحت نے اپنے تازہ ترین رپورٹ میں غزہ پر غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی دہشتگردی کےنتیجے میں شہید اور زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تفصیلات جاری کردیں۔
رپورٹ کےمطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غاصب صیہونی افواج کی وحشیانہ بمباری میں خواتین اور بچوں سمیت شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 45,658 ہوگئی ہے، جبکہ 108,583 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیل نے 8 مختلف علاقوں میں دہشت گردانہ حملے کیے، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمتی مزید 77 افراد شہید اور 145 زخمی ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، آج صبح سے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی بمباری میں 26 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں سے 19 افراد غزہ کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں شہید ہوئے۔ اس کے علاوہ، غزہ شہر کے مغربی حصے میں لبابیدی روڈ پر ایک اور حملہ ہوا جس میں 4 فلسطینی شہید ہو گئے، اور اسی طرح الشفاء اسپتال کے قریب 5 مزید فلسطینی شہید ہوئے۔