(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ کی پٹی میں وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ 7 اکتوبر 2023ء سے اب تک غیر قانونی غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کی بنیاد پر کی جانے والی جارحیت کے نتیجے میں شہداء کی تعداد بڑھ کر 45,553 ہوگئی ہے، جب کہ 108,379 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے اسرائیلی دہشتگردی کی تازہ تفصیلات جاری کی گئی ہیں جس میں بتایای گیا ہے کہ غاصب صیہونی ریاست کی نام نہاد فوج نے محصور شہر غزہ میں خاندانوں کے خلاف دو قتل عام کیے، جس کے نتیجے میں گذشتہ 48 گھنٹوں میں 12 فلسطینی شہید اور 41 زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گھروں کے ملبے تلے اور سڑکوں پر ابھی بھی سیکڑوں شہداء اور زخمی موجود ہیں، لیکن شہری دفاع اور ایمبولینس کے عملے کو ان تک پہنچنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں کیونکہ اسرائیل بار بار ان کو نشانہ بنا رہا ہے۔ اس صورتحال نے امدادی کارروائیوں کو شدید متاثر کیا ہے، اور فلسطینی شہریوں کی مدد کے لیے کام کرنے والے ادارے اپنے فرادی فرائض ادا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو رہے ہیں۔
غزہ میں اس نسل کشی کے تسلسل نے عالمی برادری کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، اور مختلف انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسرائیل کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے فوری طور پر امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔