(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) یہ مظاہرین جنین پر صیہونی فوج کی بمباری اور محاصرے کے خلاف اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہوئے تھے، غاصب فورسز نے مظاہرین پر فائرنگ کی جس سے 21 سالہ نوجوان شہید ہوگیا ۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں سیکڑوں فلسطینیوں نے جنین میں صیہونی فوجی آپریشن ، بمباری اور محاصرے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ، غاصب فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کےلئے براہ راست فائرنگ کی جس کے نیتجے میں رام اللہ کے العماری مہاجر کیمپ سےتعلق رکھنے والا 21 سالہ محمد عماد حسنین سر پر گولی لگنے سے شہید ہوگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد عماد حسنین کو صیہونی فوج کے اسنائپر نے نشانہ بنایا، فلسطینی وزارت صحت نے واقع کی مذمت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پر امن مظاہرین جو رام اللہ کے شمالی دروازے پر جنین کے رہائشیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہوئے تھے، جو کل سے صیہونی فوج کے محاصرے، فائرنگ اور بمباری کی زد میں ہیں۔
وزارت صحت کی رپورٹ کےمطابق شہید محمد عماد حسنین مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں سال کے آغاز سے غاصب صیہونی فوج کی جارحیت سے شہید ہونے والے 185ویں فلسطینی ہیں ۔