(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینی طلبا ء ، مزدوروں اور شہریوں کو سیکیورٹی چیک پوسٹ پر تلاشی کے نام پر بلا جوازگھنٹوں روکے رکھے جانے کے ساتھ ساتھ ہتک آمیز رویہ اختیار کیا جاتا ہے۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے نہتے فلسطینیوں کے ساتھ اجتماعی طورپر اشتعال انگیز اورہتک آمیز پالیسی جاری ہے۔
صیہونی فورسز نے آج بھی اپنی غیر قانونی اور غیر انسانی پالیسیز کے تحت مقبوضہ بیت المقدس کے شمال مغرب میں واقع شعفاط پناہ گزین کیمپ میں فلسطینی شہریوں پر سخت پابندیاں عائد کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ شعفاط پناہ گزین کیمپ کے قریب فوجی چوکی پر قابض فوج نے کیمپ کے مکینوں اور آس پاس کے علاقوں بالخصوص طلباء اور فلسطینی کسانوں اور مزدوروں کو ان کے کام کی جگہوں اور اسکولوں کی نقل و حرکت میں گھنٹوں تک رکاوٹ ڈالی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز نے ایک بے دفاع فلسطینی طالب علم کو چوکی پر مارا پیٹا اور اس کی ذلت آمیز تلاشی لی۔
اس کے ساتھ ساتھ، کیمپ کے رہائشیوں کی ایک بڑی تعداد نے فوجی چوکی کو عبور کرنے کی اجازت دینے سے پہلے طویل عرصے تک انتظار کیا، جس کی وجہ سے اسرائیلی قابض افواج کی شدید تعیناتی کے درمیان انہیں اپنے کام میں تاخیر ہوئی۔