(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی سیکیورٹی فورسز نے تمام نوعمر بچوں پر مختلف الزامات عائد کرتے ہوئے نظر بندی کا حکم دیاتھا۔
فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق غیر قانونی صہیونی ریاست کی عدالت نے مقبوضہ بیت المقدس کے ضلع سلوان سے تعلق رکھنے والے دس نوعمر فلسطینی بچوں کی نظر بندی میں مزید توسیع کردی ہے
ان نوعمر بچوں میں وائل شاہین، حسین عیسیٰ، ایھاب ابو سنینہ، ویزان رویدی بھی شامل ہیں۔ دریں اثنا نو عمرفلسطینی بچوں کرم العبید ، محمد ابو سکران کوسات سات ماہ قید اور ایک ایک ہزار شیکل جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔
جبکہ دو بچوں ملک الرجبی اور سلطان سمرین کو ان کے گھروں میں نظر بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ دو مزید فلسطینی نوجوانوں کی نظر بندی میں توسیع کی گئی ہے۔ ایک اور نوجوان فلسطینی عثمان احمد جلاجیل کو چھ ماہ قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
ان تمام فلسطینیوں کو قابض فوج نے اپنے ایک مہم کے دوران حراست میں لیا تھا۔ گذشتہ روز قابض صہیونی فوج نے مغربی کنارے میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 22 فلسطینیوں کو گرفتار کیا تھا۔