(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) 15 سالہ زیاد کی آنکھ کو اسرائیلی اسنائپر نے دانستہ نشانہ بنایا تھا، زخمی بچے کو اردن کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم ڈاکٹر اس کی آنکھ کو بچانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کے شہر الخلیل کے شمالی قصبے بیت عمر کے رہائشی 15 سالہ زیاد محمد ابو عیاش کو 13 اگست کی دوپہر کو اسرائیلی فورسز کے ایک اسنائپرنے اس وقت نشانہ بنایا جب فلسطینی شہری اپنی زمینوں پر ناجائز صہیونی قبضے کے خلاف ایک پر امن احتجاج کررہے تھے ۔
اسرائیلی فورسزنے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے مظاہرین پر فائرنگ کی جس میں کم سے کم 13 فلسطینی زخمی ہوئے ، زخمیوں میں زیاد محمد ابو عیاش بھی شامل تھا جس کی دائیں آنکھ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
زخمی زیاد کو فوری طورپر سرجری کےلئے اردن کے دارالحکومت عمان کے ایک اسپتال میں منتقل کیا گیا تاہم تاخیر اور زخم مہلک ہونے کے باعث ڈاکٹرزیاد کی آنکھ بچانے میں ناکام ہوگئے ۔