(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) الکرمل میں زیر تعمیر فلسطینی عمارات کا 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور زمینوں کے فلسطینی مالکان کا کہنا ہے کہ یہ ہماری آبائی زمینیں ہیں جہاں ان کے خاندان کے افراد رہتے رہے ہیں اورموجودہ دور میں بھی وہ یہاں اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہائش پزیر ہیں۔
مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ مغربی کنارے میں قابض صہیونی بلدیاتی ادارے کی جانب سے الکرمل نامی قصبے میں 4 فلسطینی شہریوں کو اپنے گھروں کی تعمیرات کو فوری روکنے کے نوٹس موصول ہوئے ۔
فلسطینی زمینوں کے مالکان کا کہنا ہے کہ صہیونی ادارے نے چاروں شہریوں کو ان کی ذاتی زمینوں پر گھر کی جاری تعمیرات کو فوری روکنے کے احکامات کے نوٹس دیے ہیں اور صہیونی بلدیہ کا کہنا ہے کہ یہ تعمیرات غیر قانونی طور پر کی جارہی ہیں جسے مکمل نہیں ہو نے دیا جائے گا۔
الکرمل میں زیر تعمیر فلسطینی عمارات کا 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور زمینوں کے فلسطینی مالکان کا کہنا ہے کہ یہ ہماری آبائی زمینیں ہیں جہاں ان کے خاندان کے افراد رہتے رہے ہیں اورموجودہ دور میں بھی وہ یہاں اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہائش پزیر ہیں جبکہ اراضی پر گھر کی توسیع کا کام قانون کے دائرے میں رہ کر کر رہے تھے جسے صہیونی بلدیہ نے رکوادیا ہے۔
واضح رہے کہ صہیونی حکام خاص طور پر مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں فلسطینی شہریوں کے مکانات کی مسماری اور ان کے رہائشی گھروں سے بے دخلی کی مہم پر تیزی سے کاربند ہیں جس کا مقصد اس حصے سے فلسطینیوں کونکال کر صہیونی آبادکاری کے یونٹس تعمیر کر کے اپنے اثر و رسوخ کو بڑھانا ہے۔