(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اقوام متحدہ نے عملے پر اسرائیلی فوج کے حملے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے نہتے شہریوں پر حملے فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد فوج نے گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین کےمحصور شہر غزہ میں نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کے ساتھ ساتھ اب عالمی اداروں کو بھی اپنی دہشتگردی کا نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔ غزہ میں اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ برائے خوراک کے امدادی قافلے پر صیہونی فوج کے حملے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر گاڑیوں کی تباہی کے بعد امدادی کارراوئیاں معطل کردی گئی ۔
ورلڈ فوڈ پروگرام نے غزہ میں اپنی کارروائیوں کو عارضی طور پراس وقت معطل کر دیا جب ایک گاڑی اسرائیلی فوجی چوکی کے قریب پہنچی تو اسے کم از کم 10 گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے تصدیق کی کہ جس گاڑی کو آگ لگ گئی تھی اس نے اسرائیلی حکام سے متعدد اجازت نامے حاصل کیے تھے۔ عالمی ادارہ خوراک نے زور دیا کہ یہ مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔اقوام متحدہ نے غزہ میں اپنی کارروائیاں بند کرنے کا اعلان وسطی غزہ کی پٹی میں دیر البلح کے محلوں کے لیے اسرائیلی جبری انخلاء کے احکامات کے نتیجے میں کیا۔