(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج نے العودہ اسپتال کے بعد الاہلی اسپتال پر بھی دھاوا بول دیا، 15 سال سےت زیادہ بچوں سمیت تمام کو برہنہ کرکے حراست میں لےلیا۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد فوج نے آج74 ویں روز بھی مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
اسرائیلی فوج نے گذشتہ روز رفح کے علاقے میں رہائشی مکانات پر بمباری کی جس میں 9 بچوں اور 6 خواتین سمیت 20 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے ، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج نے جبالیہ ، خان یونس ، الشجائیہ اور شیخ رضوان کے کئی علاقوں میں بلا امتیاز بمباری کی جس میں مجموعی طورپر 200 افراد کے شہید ہونے اور درجنوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے اسپتالوں پر حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہیں، صیہونی فوج نے العودہ اسپتال کے بعد الاہلی اسپتال پر بھی دھاوا بول دیا، اسپتال ڈائریکٹر فاضل نعیم کے مطابق اسرائیلی محاصرے کے بعد اسپتال میں کام رُک گیا، طبی امداد نہ ملنے سے 4 زخمی انتقال کرگئے۔ اسرائیلی فوج نے دو سرجن، طبی عملے، مریضوں سمیت ڈیڑھ سو افراد کو گرفتار کرلیا، اس پہلے اسرائیلی فوج نے العودہ اسپتال کا محاصرہ کرکے 240 افراد کو حراست میں لیا تھا۔