(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) القسام بریگیڈز نے غزہ میں صیہونی فوج کے کم از کم 5000 فوجیوں اور افسران کو نشانہ بنایا، جن میں سے ایک تہائی ہلاک، دو تہائی کو شدید زخمی اور آخری تیسرے گروپ کو مستقل طور پر معذورکردیا گیا۔
قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے غزہ کے صدر اور اسرائیل کے خلاف غیر معمولی آپریشن طوفان الاقصیٰ کے منصوبہ ساز یحییٰ السنوار نے گذشتہ دو دنوں کے دوران حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اور ارکان کو ایک اہم اور طویل پیغام بھیجا جس میں انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ القسام بریگیڈز نے غاصب صیہونی افواج کو غزہ میں غیر معمولی نقصان پہنچایا ہے اور صیہونی فوج کو پاش پاش کردیا ہے اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔
انھوں نے مراسلے میں بتایا ہے کہ لقسام بریگیڈز کےجانباز اسرائیلی قابض افواج کے خلاف ایک شدید، پرتشدد اور بے مثال جنگ لڑ رہے ہیں جس کے باعث صیہونی افواج کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑاہے ۔
السنوار نے کہا کہ القسام بریگیڈز نے زمینی جنگ کے دوران کم از کم 5000 فوجیوں اور افسران کو نشانہ بنایا، جن میں سے ایک تہائی ہلاک، دو تہائی کو شدید زخمی اور آخری تیسرے گروپ کو مستقل طور پر معذورکردیا گیا۔ اس دوران مجاھدین نے دشمن کی 750 گاڑیاں مکمل یا جزوی طور پر تباہ کردیں۔
السنوار کا یہ پیغام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب قابض دشمن اسرائیل کی طرف سے غزہ میں عارضی جنگ بندی کے حوالے سے تجاویز اور پیشکشیں گردش کررہی ہیں۔ السنوار نے غزہ کی پٹی میں عارضی جنگ بندی کو مسترد کرتے ہوئے مکمل اور مستقل جنگ بندی پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم غزہ میں عارضی جنگ بندی قبول نہیں کریں گے اور جنگ جاری رکھیں گے۔