(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غزہ میں خواتین ، بچوں اور شیرخواروں کی ہلاکتیں دیکھ رہے ہیں، یہ سب رکنا چاہیے۔
مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ میں صیہونی فوج کی وحشیانہ بمباری کو آج 40 روز مکمل ہوگئے ہیں ان چالیس روز میں صیہونی فوج نے غزہ میں تاریخ کے بدترین جرائم کئے ہیں، اسرائیل نے غزہ میں خوراک ، پانی اور ادویات سمیت انسانی استعمال کی بنیادی ضرورتوں پر پابندی عائد کی ہوئی ہے اور عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
غزہ میں جاری جنگ کے معاملے پر کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹویٹر ) پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسرائیل کو چاہیے کہ غزہ میں اپنے فوجی آپریشن کو لگام دے، غزہ میں عورتوں، بچوں اور شیرخواروں کی ہلاکتیں دیکھ رہے ہیں، یہ سب رکنا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ غزہ میں انسانی المیہ، خصوصاً الشفا اسپتال کے واقعات دل کو جھنجھوڑنے والے ہیں، جنگ کے بھی اصول ہوتے ہیں، اسرائیلی حکومت سے حتی الامکان تحمل کا مطالبہ کرتا ہوں۔