(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فرینڈز آف الاقصیٰ نے گذشتہ 15 سالوں سے غیر قانونی معاشی ناکہ بندی کا شکار غزہ پر صہیونی بمباری کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل پراقتصادی اور معاشی پابندیاں عائد کرے۔
فرینڈز آف الاقصیٰ (ایف او اے ) کے چیئرمین نے گذشتہ روز بیان جاری کیا ہے جس میں انھوں نے صہیونی ریاست کی جانب سے مقبوضہ فلسطین میں کی جانے والی دہشتگردی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں خاص طور پر غزہ میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کے مرتکب اسرائیل پر اقتصادی اور معاشی پابندیاں عائد کی جائیں۔
انھوں نے کہا کہ صہیونی فورسز نے ایک ہفتے کے دورا ن خواتین اور بچوں سمیت 5 نہتے فلسیطنیوں کو قتل کیا ،قبلہ اول کی بے حرمتی کرتے ہوئے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا اور 300 سے زائد فلسطینیوں کو زخمی اور 400 سے زائد کو گرفتار کیا۔ انھوں نے کہا کہ "یہ تشدد اسرائیل کے غیر قانونی قبضے اور فلسطین میں نسل پرستی اور بربریت کا کھلا ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ فلسطین گذشتہ 74 سالوں سے صہیونی ریاست کی بربریت کا سامنا کررہا ہے ہمیں فلسطین کے حق اور اسرائیل کے خلاف اقدامات کی حمایت کرتے رہنا چاہئے۔
واضح رہے کہ فرینڈز آف الاقصیٰ برطانیہ میں قائم ایک غیر منافع بخش این جی او ہے جس کا تعلق فلسطینیوں کے انسانی حقوق کے دفاع اور یروشلم میں مقدس الاقصیٰ کے تحفظ سے ہے۔ اس وژن کو مختلف بین الاقوامی گروپوں اور تنظیموں کی حمایت حاصل ہے۔ فرینڈز آف الاقصیٰ کو1997 میں قائم کیا گیا تھا اور اس کا ایک بین الاقوامی سپورٹ بیس ہے۔