(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فواد العمور نے بتایا کہ اسی علاقے میں فلسطینی باشندوں کےگھروں کو بھی غیر قانونی قرار دیا گیا ہے اور صہیونی بلدیہ کے مطابق ان مکانات کو بھی عنقریب منہدم کر دیا جائے گا۔
تفصیلات کےمطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع فلسطینی علاقہ مسافر یطا میں شعب البطم کے مقام پر اسرائیل کے بلدیاتی ادارے نے فلسطینی ایک اسکول جس میں فلسطینی بچے زیر تعلیم ہیں سمیت آٹھ گھروں کو غیر قانونی قرار دے کر مسماری کےاحکاما ت جاری کر دیے ہیں۔
صہیونی آبادکاری کے اقدامات پر نظر رکھنے والے فلسطینی ادارے کے کوآرڈینیٹر فواد العمور نے شعب البطم میں50 سے زائد طالب علموں کے اس ایلیمنٹری اسکول کی مسماری کے صہیونی احکامات کے حوالے سے بتایا کہ فلسطینی بچوں کی تعلیم میں رکاوٹ ڈالنے کیلیے اسرائیلی بلدیہ نے اسکول کی زمین کے قانونی کاغزات کی موجودگی کے باوجود اسے ناجائز تجاوز قرار دیکر گرانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسی علاقے میں فلسطینی باشندوں کےگھروں کو بھی غیر قانونی قرار دیا گیا ہے ان میں عزات النجار کے دو مکانات اور عیسیٰ اسحاق جبارین، ابراہیم جبریل جبارین، فضیل النجار، جہاد جبارین، محمود یوسف جبارین اور حازم جبارین کے مکانات شامل ہیں اور صہیونی بلدیہ کے مطابق ان مکانات کو بھی عنقریب منہدم کر دیا جائے گا۔