(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی سینٹر فار ہیومن رائٹس کے ڈائریکٹر نے نشاندہی کی کہ یوکرین میں شہریوں کی نقل مکانی کے مناظر 1948 میں نکبہ کے بعد سے فلسطینیوں کے بے گھرہونے کے مناظر سے مختلف نہیں۔
مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کے لیے کام کر نے والے ادارےفلسطینی سینٹر فار ہیومن رائٹس کے ڈائریکٹر راجی الصورانی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ قابض ریاست اسرائیل نے نسل پرستی کا نظام قائم کر رکھا ہےجس سےفلسطینی اپنی آبائی زمینوں سے محروم ہو تے جارہے ہیں جو کہ بین الاقوامی قانون کی کھلی کلاف ورزی ہےاور ہم اس کے خلاف احتجاج جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ یو کرین میں روسی حملے کے خلاف پوری مغربی دنیا نے کارروائی کا مطالبہ کیا جبکہ جو کچھ یوکرین میں ہو رہا ہے وہی اسرائیل فلسطینیوں کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے لیکن مغرب کی جانب سے خاموشی اور اسرائیل کے رویے کو نظر انداز کرنا بین الاقوامی برادری کی طرف سے بین الاقوامی قانون کے اطلاق میں دوہرے معیارکی نشاندہی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہر قابض کے خلاف کھڑے ہیں یہ انسانی مصائب ناقابل تقسیم ہیں، یوکرین میں تباہی اور موت کے مناظر فلسطین میں تباہی کے مناظر سے مختلف نہیں ہیں۔ جس طرح کے حالات اور مناظر یوکرین میں دیکھے گئے وہی مناظرغزہ میں بھی دیکھے گئے ہیں پھر بھی عالمی برادری کی جانب سے اسرائیل کا بائیکاٹ نہیں کیا جاتا ۔