(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوجی کارروائی کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ انسانی ہمدردی کے اصولوں کے خلاف سنگین جنگی جرائم ہیں۔
اپنے جاری کردہ بیان میں روسی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں نہتے فلسطینیوں کے خلاف اجتماعی سزا اور جنگی جرم ہیں جس میں 45,000 سے زیادہ شہریوں کو شہید کیا جاچکا ہے۔
اس سے قبل روسی صدر ولادیمیر پوتین نے بھی غزہ میں بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام کی مذمت کی اور جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا، ساتھ ہی امریکہ کی رکاوٹوں کی بھی نشاندہی کی۔ پوتین نے اسرائیل کے ردعمل کو نسل کشی قرار دیا۔
واضح رہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھنے والے بین الاقوامی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں اسرائیلی فوج پر فلسطینیوں کے خلاف جان بوجھ کر نسل کشی کے جرائم کا الزام عائد کیا، اور کہا کہ اسرائیل نے 1948 کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کی ہے۔