(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو کو رفح آپریشن پر بات چیت کے لیے وفد کا دورہ واشنگٹن منسوخ کرنے کے اپے فیصلے کی غلطی کا احساس ہواجس کے بعد مذاکراتی وفد کو بھیجنے پر آمادہ ہوگئے ہیں۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے معروف عبرانی اخبار یدیعوت احرنوت کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اسرائیل کی جنگی کابینہ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ رفح میں فوجی آپریشن پر بات چیت کے لیے آئندہ ہفتے ایک وفد واشنگٹن بھیجیں گے۔
اخبار نے مزید کہا کہ نیتن یاہو کو رفح آپریشن پر بات چیت کے لیے وفد کا دورہ واشنگٹن منسوخ کرنے کے اپنے فیصلے کی غلطی کا احساس ہواہے اور انھیں بتایا گیا ہے کہ امریکہ کی حمایت کے بغیر اسرائیل حماس سے جنگ نہیں جیت سکتا اور حالیہ صورتحال میں امریکہ سے کشیدگی اسرائیل کے لئے خطرناک ہوسکتی ہے۔
اخبار سے بات کرنے والے حکام کے مطابق، ’’زیادہ تر وزراء کا خیال ہے کہ مذاکراتی وفد کو امریکہ نہ بھیجنا ایک غلطی تھی، اور وہ سمجھتے ہیں کہ وفد کو جلد از جلد وہاں بھیجا جانا چاہیے۔‘‘
واضح رہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے فیصلے کے خلاف امریکہ کی جانب سے ویٹو پاور کا استعمال نہ کرنے کی وجہ سے نیتن یاہو نے اسرائیلی وفد کا واشنگٹن کا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا تھا۔