(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ایرانی پاسداران انقلاب نے شام میں اسرائیلی کارروائیوں کے جواب میں صیہونی سازش کے اسٹریٹجک مرکز‘ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیاہے۔
تفصیلا ت کےمطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے گذشتہ روز عراق کے علاقے کردستان میں دارالحکومت اربیل میں بیلسٹک میزائل حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی قونصل خانے اور صہیونی ریاست اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے ٹھکانوں پر حملے اسرائیل کے حالیہ جرائم کا بدلہ ہیں۔
ایران کے فوجی دستے پاسداران انقلاب کے ادارہ تعلقات عامہ کی جانب سےشام میں اسرائیلی کارروائیوں کے جواب میں صیہونی سازش کے اسٹریٹجک مرکز‘کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیاہےجبکہ ایران کے سرکردہ عسکری کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت میں امریکہ کے ملوث ہونے پر امریکی قونسل خانہ بھی نشانے پر رہا۔
امریکہ کی جانب سے فضائی حملے میں ایرانی عسکری کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران نے جنوری 2020 دو امریکی فضائی اڈوں پر ایک درجن سے زائد بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا تھا۔
چند روز قبل شام میں ہونے والے اسرائیلی حملوں میں پاسداران انقلاب کے دو ارکان شہید کیےگئے تھے جس کے بعد انھوں نے جوابی کارروائی کا اعلان کیا تھا، یہ حملہ شام کے دارالحکومت دمشق کے قریب ہوا تھا جس کے بعد ایرانی حکومت نے کہا تھا کہ ’اس کا بدلہ لیا جائے گا۔‘