(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ایرانی انٹیلی جنس کےمطابق گرفتار شدگان کی شناخت اورقومیت کو فی الحال خفیہ رکھنے کی ہدایات ہیں جبکہ مشتبہ افراد پرایرانی خفیہ اورحساس معلومات کی فراہمی میں ملوث ہونے کے الزام کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روزایران کے صوبے سیستان اور بلوچستان سے تین ایسے مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کا تعلق مبینہ طور پر قابض صہیونی ریاست اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد سےبتایا جاتا ہے۔
ایرانی انٹیلی جنس ایجنسی کےمطابق گرفتار ہونے والے تینوں افراد کی شناخت اور قومیت کو فی الحال خفیہ رکھنے کی ہدایات کی گئی ہیں جبکہ مشتبہ افراد پرایرانی خفیہ اور حساس معلومات کی فراہمی میں ملوث ہونے کے الزام کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ ایران اور صہیونی ریاست اسرائیل برسوں سے ایک دوسرے کے حریف اور اپنے خلاف جاسوسی کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں جبکہ دونوں ریاستوں کے مابین مخاصمانہ بیان بازی بھی معمول کی بات ہے،اسرائیل ایران کو اپنے لیے سب سے بڑا خطرہ سمجھتا ہے اور بارہا اس بات کی دھمکی بھی دے چکا ہے کہ وہ تہران کو مبینہ جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے لیے اس کے خلاف یکطرفہ فوجی کارروائی بھی کر سکتا ہے۔