(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ایویو کوچاوی نے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کے سامنے جس میزائل نظام کو پیش کیا گیا وہ ایران اور اس کی کٹھ پتلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اہم عنصر ہےہم واشنگٹن کے ساتھ ایک مضبوط تعلق کو نبھائیں گے۔
عالمی نشریاتی ادارے کے مطابق گذشتہ روز قابض اسرائیل کی جانب سے ایران مخالف بیانات کا سلسلہ جاری ہے اور صہیونی چیف آف اسٹاف ایویو کوچاوی نے ایران کے خلاف اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران سے علاقائی امن کو شدید خطرہ لاحق ہے اور یہ عالمی خطرہ بنتا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک روز قبل قابض اسرائیل کے دورے کے موقع پر دفاعی نمائش کی منعقدہ تقریب میں شرکت کی جہاں انہیں ایئر ڈیفنس سسٹمز "آئرن ڈوم اور’لیزر سسٹم‘ کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس کے نتیجے میں صہیونی چیف نے ایران مخالف بیان جاری کیا ہے۔
ایویو کوچاوی نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کے سامنے جس میزائل نظام کو پیش کیا گیا وہ ایران اور اس کی کٹھ پتلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اہم عنصر ہےہم واشنگٹن کے ساتھ ایک مضبوط تعلق کو نبھائیں گےجو ایران کے ساتھ اسٹریٹجک ریس کے مقابلہ میں ایک لازمی ستون ہے، ایران کو عالمی خطرہ بننے سے روکنے کیلیے ہم کوئی بھی قدم اٹھانے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
صہیونی ریاست اسرائیل نے اپنے اہم بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جوبائیڈن کیلیے اس شو کو تیار کیا کیونکہ اس نے ایک ملٹی کلاس سسٹم کی پیش کش کی تھی جو خلاء میں لمبی رینج بیلسٹک میزائلوں سے لے کر مختصر رینج میزائلوں تک ہر چیز کو روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ میزائل سسٹم امریکا کی شراکت سے تیار کیا گیا تھا۔