(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) صہیونی وزیر اعظم نے بھی اپنے دورہ امریکہ کے دوران واضح الفاظ میں یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن سے گفتگو میں اولین ترجیح تہران سے متعلق اہم موضوع کو دیں گے۔
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی چیف آف اسٹاف ایوی کوچاوی کے جاری کردہ بیان کے مطابق ایران کے جوہری پروگرام میں تیزی کے بعد اسرائیلی فوج نے ایران کے خلاف "آپریشنل پلان” پر کام تیز کردیا ہے۔
صہیونی چیف نے کہا ہےکہ ایران کے ایٹمی پروگرام کو بحال کرنے کا ایکشن پلان "خطرناک” ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج مشرق وسطیٰ میں تہران کے اثر و رسوخ کو کم کرنے” کے لیے مختلف طریقوں پر کام کر رہی ہے۔
ایوی کوچاوی نے مزید کہا ہے کہ ایرانی جوہری پروگرام میں پیش رفت نے اسرائیلی فوج کو اپنے آپریشنل منصوبوں میں تیزی لانے کا موقع دیا ہےاور اسرائیل نے نئےدفاعی بجٹ کی منظوری بھی دی ہے جس میں ایک خطیر رقم ایران کے خلاف دفاعی منصوبے پر عمل درآمد کے لیے وقف کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی چیف کا یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے کہ جب اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کے ساتھ ایران کے معاملے پربات چیت کے لیے واشنگٹن کے دورے پر ہیں اور صہیونی وزیر اعظم کی جانب سے واضح الفاظ میں اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن سے گفتگو میں اولین ترجیح تہران سے متعلق اہم موضوع کو دیں گے۔