(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) امریکی وزیر خارجہ نے یائرلیپد سے بات چیت میں کہا کہ امریکہ کا ماننا ہے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کی بحالی ’ایران کے ایٹمی پروگرام کو اس ڈبے میں واپس بند کرنے کا بہترین طریقہ ہے جس میں وہ تھا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قابض صہیونی ریاست اسرائیل کے دورے پر موجود امریکہ کے وزیر خارجہ انتھونی بلینکن نےاپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل ایران کو ایٹم بم بنانے سے روکنے پر متفق ہیں۔
انکا کہناتھا کہ اسرائیل اور امریکہ میں کچھ معاملات میں اختلاف ضرور ہے تاہم جب بات اہم ترین مسائل کی ہو تو ہم ایک دوسرے کے ساتھ متفق ہیں اور ہمارا ایک فیصلہ ہے کہ ایران کو کبھی جوہری ہتھیارکے حصول کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
امریکی وزیر خارجہ نے اسرائیلی ہم منصب یائرلاپید سے بات چیت میں کہا کہ امریکہ کا ماننا ہے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کی بحالی ’ایران کے ایٹمی پروگرام کو اس ڈبے میں واپس بند کرنے کا بہترین طریقہ ہے جس میں وہ تھا لیکن اسے باہر نکلنے کا موقع مل گیا۔‘
واضح رہے کہ انتھونی بلینکن کی مقبوضہ بیت المقدس میں صہیونی حکام کے ساتھ ملاقات جاری ہے اور دوسری جانب امریکہ کی جانب سے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آرہے ہیں جب کہ ایسے اشارے ملے ہیں کہ ایران کے ساتھ 2015 میں ہونے والا تاریخی جوہری معاہدہ جلد بحال ہو جائے گا۔