(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فورسز نے تلاشی کے نام پر فلسطینی قیدیوں کے سامان کو تباہ کیا اور بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
فلسطینی میڈیا ذرائع سے حاصل اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی سیکیورٹی فورسز نے اسرائیل کے بدنام زمانہ جیل جلبوع میں فلسطینی قیدیوں کے سیکشن ون پر تلاشی کے نام پر دھاوا بولااور قیدیوں کے سامان کو تباہ کردیا ان کی کتابیں ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ بدترین تشدد کانشانہ بنایا ۔
صیہونی ریاست کے ذرائع ابلاغ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ خفیہ ذرائع کی اطلاع پر یہ تلاشی کا عمل شروع کیاگیاجس میں اطلاعات تھیں کہ بعض فلسطینی قیدی جیل کو توڑکر فرارہونے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اسرائیل جیل انتظامیہ نے صہیونی عقوبت خانوں میں قید فلسطینی اسیران پر نت نئی پابندیاں عاید کرنا شروع کر دیں۔ قیدیوں کو ان کے حقوق سے محروم کرنے والے اقدامات اور پابندیاں دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے انتہا پسند صہیونی وزیر ایتمار بن گویر کے ایماء پر لگائی گئی ہیں۔
گذشتہ دنوں اسرائیلی جیل انتظامیہ کے مظالم کے خلاف فلسطینی اسیران نے جیلروں کے احکامات کی حکم عدولی سے متعلق مہم کا آغاز کیا جس سے زچ ہو کر اسرائیلی جیل انتظامیہ نے مختلف قید خانوں میں نئی سزائیں دینے کا سلسلہ شروع کر دیا۔